اسلام آباد (پی این آئی)امریکہ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور داعش کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، الیزبتھ رچرڈ اور سید حیدر شاہ نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کی قیادت کی۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اور امریکہ نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش امن کو لاحق بڑے چیلنجز میں شامل ہیں۔ ٹیکنیکل تجربات اور تحقیقی مہارت کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا، بارڈر سیکیورٹی انفرااسٹرکچر اور ٹریننگ کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔مارچ 2023 سے امریکہ نے 300 پولیس اہلکاروں کو ٹریننگ دی، دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کے فورم پر بھی فعال رہنے پر اتفاق کیا۔امریکہ نے ٹی ٹی پی اور داعش کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشتگردوں کے خلاف پاک امریکہ پارٹنرشپ خطے میں امن کو یقینی بنائے گی، یہ تعاون سرحدوں سے پار دہشتگردی کے خطرے کے خاتمے کے لیے دو طرفہ تعاون کا ایک ماڈل ہوگا، انسداد دہشت گردی مذاکرات عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان اور امریکہ کا عزم کا اعادہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں