دھماکہ اور فائرنگ، شہادتیں ہوگئیں، افسوسناک خبر

شمالی وزیرستان ( پی این آئی ) شمالی وزیرستان میں مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے 2 حملوں میں 7 سکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کے روز پہلا حملہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے حسن خیل میں اس وقت ہوا جب بم ڈسپوزل یونٹ کو نشانہ بنانے والا دیسی ساختہ بم پھٹ گیا، دھماکے کے فوراً بعد دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے ایک اور واقعے میں دہشت گردوں نے میر علی کے علاقے سیمن میں ایک سکیورٹی پوسٹ پر دھاوا بول دیا، اس حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، سکیورٹی اہلکاروں کی میتوں اور زخمی اہلکاروں کو ایئرلفٹ کرکے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال بنوں پہنچا دیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز نے حملوں کے فوری بعد علاقوں کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔قبل ازیں شمالی وزیرستان میں 8 مئی کی رات تحصیل شیوا میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے لڑکیوں کے ایک نجی اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، اس حملے میں عسکریت پسندوں نے پہلے اسکول کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں اسکول کے 2 کمروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔