9مئی واقعات، مزید 10ملزمان کو ضمانت مل گئی

لاہور ( پی این آئی) 9 مئی واقعات، کور کمانڈر حملہ کیس میں مزید 10 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی گئی، لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کا ملزمان کو فی کس ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم۔

تفصیلات کے مطابق لاہور جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ منگل کے روز لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے 10 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں فی کس ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ ملزمان میں خالد اقبال، محمد ریاض، سید مظہر حسین، محمد نعیم، ندیم علی، رانا اسلام، تںویر احمد سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ ان ملزمان نے درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانا ہے تو بنائیں ہم تیار ہیں لیکن وہ کمیشن اس معاملے کی تہہ تک جائے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے مناظر دیکھ کر انسان خون کے آنسو روتا ہے، کس طرح معصوم بچوں کے ذہن میں زہر ڈالا گیا، 9 مئی کو فوج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close