اسٹیبلشمنٹ کیساتھ تعلقات پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خاموشی توڑ دی

اسلام آباد(پی این آئی)سابق وزیراعظم اور سینیئر سیاست دان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کبھی اسٹیبلشمنٹ کے پاس نہیں گیا، ن لیگ کو ایک سال پہلے بتا دیا تھا کہ آپ کی جماعت سے الیکشن نہیں لڑوں گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کا ممبر نہیں ہوں عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد پارٹی کی کسی میٹنگ میں نہیں گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ بننے سے پہلے مسلم لیگ کا ممبر تھا، ن لیگ نے 2022 میں جس سیاست کا چناؤ کیا اس سے اتفاق نہیں کرتا، ن لیگ نے ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست کا چناؤ کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست سے اتفاق نہیں کرتا یہ بات میاں صاحب کو بتا دی تھی، ہم نے 2002 کا الیکشن اسٹیبشلمنٹ کے خلاف لڑا تھا۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اس بات کا علم نہیں کہ میاں صاحب ڈیل کرکے باہر گئے اور واپس آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1990 میں پتا نہیں ڈیل تھی یا نہیں، اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا، میں نے کبھی اسٹیبلشمنٹ کے آدمی کے ساتھ سودا نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close