عمران خان نے شیر افضل مروت کی سرزنش کر دی، وجہ کیا بنی؟

راولپنڈی(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سعودی عرب سے متعلق بیان پر میری سرزنش کی ہے ۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے حامد خان کا نام لیا تھا، حامد خان تو سینیٹر ہیں وہ چیئرمین پی اے سی نہیں بن سکتے، پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ببانگ دہل کہا کہ کوئی ڈیل نہیں،کوئی مفاہمت نہیں، عمران خان نے کہا کہ قوم کے لیے ضروری ہے اپنی اڑان بھرے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے 8 فروری پھر 21 اپریل کو ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان نے سعودی عرب سے متعلق بیان پر میری سرزنش کی ہے ۔

واضح رہے کہ شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا، پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آرہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اظہار لاتعلقی کے بعد شیر افضل مروت نے بھی اپنے بیان کی وضاحت جاری کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں