بیرون ملک جانے کی پیشکش پر عمران خان کا جواب آگیا

راولپنڈی (پی این آئی) عمران خان کا بیرون ملک جانے سے صاف انکار۔ سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل میں رابطے کیے گئے، بانی تحریک انصاف کو سیاست سے بریک لینے اور بیرون ملک جانے کی پیش کش کی گئی۔

سینئر صحافی کے مطابق عمران خان نے ایک مرتبہ پھر ڈیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیل میں بالکل ٹھیک ہیں، وہ بیرون ملک کسی صورت نہیں جائیں گے۔دوسری جانب رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے ہمارے کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، آج پراسیکیوشن کے 21گواہ مکمل ہو گئے ہیں،کسی بھی ٹرسٹی کا ٹرسٹ پراپرٹی سے تعلق نہیں ہوتا ،انشااللہ سیاسی بنیادوں پر بنا ہوا یہ کیس ختم ہو گا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم آئین وقانون کی بات کرتے ہیں، جیل میں کسی صورت ٹرائل نہیں چل سکتا،آپ اوپن ٹرائل کریں،آج جج صاحب سے درخواست کی گئی لیکن میڈیا کو باہر نکال دیا گیا، کیا کبھی میڈیا کو باہر نکالا جاسکتا ہے، ہم اپنے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے، ہمارے خلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد کیس بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے قبل باکس بھرے ہوئے تھے اور الیکشن کے نتائج ان کی توقعات کے مطابق آئے، عوام کا حق ہے کہ ان کا ووٹ صحیح طریقے سے گنا جائے، بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کے رزلٹ پر حیرت کا اظہار کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران جوڈیشری سے کیوں نہیں لیے گئے؟۔

close