وفاقی کابینہ نے اہم تعیناتیوں میں عمر کی بالائی حد کی شرط ختم کر دی

اسلام آباد(پی این آئی ) وفاقی کابینہ نے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمر کی حد ختم کر دی جس سے ماہانہ 20 لاکھ روپے تک کی تنخواہ پر نئی تعیناتیوں کی راہ ہموار ہو گئی۔

وفاقی کابینہ نے تعیناتیوں میں پی ٹی آئی دور حکومت کی پالیسی میں ترامیم کرتے ہوئے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمرکی حدختم کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترامیم کے لئے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لی گئی، کابینہ نے سپیشل پروفیشنل پے سکیلز پالیسی 2019 میں ترامیم کی منظوری دی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتیوں کے لئے 65 سال تک عمرکی شرط ختم کر دی گئی ہے، سپیشل پروفیشنل پے سکیلز کے تحت تعیناتیوں کے لئے عمرکی بالائی حد نہیں ہوگی، اب 65 سال کے بعد تعیناتی اور موجودہ تعیناتی میں 65 سال کے بعد توسیع ہو سکے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے عمر کی حد میں ترامیم تجویز کی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کے فروغ کے لئے 2019 کی پالیسی میں ترامیم ضروری تھیں، وفاقی حکومت نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنزکی استعداد کار بڑھانےکا فیصلہ کیا ہے۔

close