بھارت کیساتھ تجارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق خواجہ آصف کابڑا بیان

اسلام آباد( پی این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات اسی صورت میں بحال ہو سکتے ہیں کہ بھارت کشمیر پر لچک دکھائے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت میں الیکشن نہ ہو جائیں تب تک نہ پاکستان اور نہ ہی بھارت تجارت شروع کریں گے۔ایران اسرائیل گشیدگی پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے ایک خود مختار ملک کے سفارت خانے پر حملہ کیا گیا، ایران کے سینیئر فوجی افسر اس حملے میں شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، ایرانی سفارت خانے پر حملے کے بعد توقع تھی کہ ایران جوابی کارروائی کرے گا، ایران کے ساتھ جوکچھ ہورہا ہے وہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایران کا اسرائیل پر حملہ ایک علامتی رد عمل اور نپا تلا حملہ تھا جس کے نتیجے میں اسرائیل کی دفاعی تنصیبات کی معلومات ایران کو مل گئیں ہیں اور پورے اسرائیل کی میپنگ ہوگئی ہے، اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کیا تو اسرائیل کا بہت نقصان ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کے اثرات پوری دنیا میں جائیں گے، جو بڑے ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں یہ آگ ان کو بھی لپیٹ میں لے گی، اس جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان فلسطین کی آزادی کے لیے دعاگو اور ان کا حمایتی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی بڑھے لیکن فلسطین میں قتل عام بند ہونا چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی دباؤ نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close