چئیرمین سینیٹ بنتے ہی یوسف رضا گیلانی نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں بہت بحران ہے، اس صورتحال میں میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں۔

بطور چیئرمین سینیٹ اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قائدِ عوام کے جوڈیشل مرڈر کا اعتراف کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار الیکشن کرائے جو واحد صاف و شفاف الیکشن قرار پائے، سینیٹ اور ارکان کے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سینیٹ وفاق کے اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھٹو نے اتفاقِ رائے قائم کیا اور آئین مرتب کیا، اس وقت ملک میں بہت بحران ہے اور سب سے زیادہ بڑا بحران نفرت اور تقسیم پیدا کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو مسترد کیا اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا اس لیے میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں۔

قبل ازیں یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھایا، پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھالی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے بھی حلف لیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ اور اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں، میں تمام ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں