اسلام آباد(پی این آئی) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے گرمیوں کے دوران نہری پانی کے شدید بحران کا خدشہ ظاہر کردیا ہے، ارسا کا کہنا ہے کہ رواں سال پانی کا شارٹ فال 40 فی صد تک جا سکتا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ارسا نے پانی کے ممکنہ بحران کی وجہ واپڈا کی مبینہ نااہلی، کم برف باری اور بڑی مقدار میں پانی چوری قرار دے دیا ہے،ارسا نے کہا کہ واپڈا تربیلا ڈیم پر توسیعی منصوبوں پر بر وقت تعمیری کام مکمل نہیں کر سکا، ٹی فائیو منصوبے کی تعمیر میں تاخیر سے 85ہزار کیوسک پانی کا اخراج نہیں ہو سکے گا،ٹی فور منصوبے کی غلط ڈیزائننگ سے 30ہزار کیوسک پانی کا اخراج نہیں ہو سکے گا، تربیلا ڈیم سے مجموعی طور پر 1لاکھ15 ہزار کیوسک پانی کی فراہمی نہیں ہو سکے گی، منگلا ڈیم پاور یونٹس کی تعمیر نو کے باعث پنجاب کو 45ہزار کیوسک پانی کی فراہمی رک جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں بریفنگ سے متعلق ذرائع ارسا نے بتایا کہ نہروں ،بیراجوں اور دریاوں سے 15 فی صد پانی چوری بھی پانی کے بحران میں شدت پیدا کرے گی، رواں خریف سیزن میں ایک کروڑ کیوسک پانی سمندر میں ضائع ہونے کا امکان ہے جبکہ صوبوں کی جانب سے پانی کی تقسیم پر غلط اعداوشمار دیے جانے کا انکشاف کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں