گندم کی سرکاری قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جعلی نکلا

لاہور(پی این آئی) گندم کی سرکاری قیمت میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن بھی جعلی نکلا۔ کسانوں کی گندم کی قیمت بڑھنے کی خوشی مایوسی میں بدل گئی۔

سندھ حکومت کے زرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں گندم کی اب تک سرکاری قیمت 4000 روپے من ہے، اس سے زیادہ قیمت بتانے والا نوٹیفیکیشن جعلی ہے۔سوشل ویب سائٹس پر بعض لوگ سندھ کے سابق سیکرٹری خوراک ناصر عباس سومرو اور سیکشن آفیسر ثنا اللہ ناریجو کے دستخطوں سے بنایا گیا ایک فیک نوٹیفیکیشن پھیلا رہے ہیں جس میں گندم کی سو کلو گرام بوری کی قیمت 11000 روپے بتائی گئی ہے۔ جبکہ اب تک سندھ میں گندم کی سرکاری قیمت 4000 روپے من اور 10 ہزار روپے فی سو کلو گرام ہے۔

 

 

 

محکمہ خوراک سندھ نے نوٹی فکیشن کو جعلی قرار دے دیا ہے اور بتایا ہے کہ اس فیک نوٹیفیکیشن کی وجہ سے محکمہ کے اہلکاروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ محکمہ خوراک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن دو افسروں کے اس فیک نوٹیفیکیشن پر نام ہیں وہ دونوں کچھ عرصہ پہلے اپنی پوسٹوں سے دوسری پوسٹوں پر تبدیل ہو چکے ہیں۔ نوٹیفیکیشن پر درج تاریخ کے وقت وہ لوگ ان پوسٹوں پر نہیں تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں