الیکشن کمیشن نے سابق وزیر کی جیت کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا، دوبارہ انتخابات کروانے کا اعلان

کوئٹہ (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے سابق صوبائی وزیر زمرک خان کی بطور رکن بلوچستان اسمبلی پی بی 50 قلعہ عبداللہ سے جیت کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے پورے حلقے میں 21 اپریل کو دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

سپریم کورٹ کے جاری کردہ احکامات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حلقے کے 6 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا جہاں 28 مارچ کو پولنگ ہونی تھی، الیکشن کمیشن نے الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 50 اور 51 کے تحت قلعہ عبداللہ کے ڈپٹی کمشنر ذاکر علی کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر مقرر کردیا، گلستان کے اسسٹنٹ کمشنر ظہیر احمد کو بطور ریٹرننگ افسر، دوبندی کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر، عبدالمتین اور قلعہ عبدالل کے نائب تحصیلدار انور علی کو پی بی 50 کے لیے بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کردیا ہے۔واضح رہے کہ 18 مارچ کو سپریم کورٹ نے تمام سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کی باہمی رضامندی کے بعد حلقہ پی بی 50 کے لیے دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا۔

close