وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عید کے موقع پر صوبے کے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے صوبے میں مستحق افراد کو عید پیکج دینے کی منظوری دیدی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پی خیبرپختونخواہ ور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔خیبرپختونخواکی صوبائی کابینہ نے ایک ارب 15 کروڑ روپے کے عید پیکیج سمیت دیگر سکیموں کی منظوری دیدی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایاگیا کہ مستحق افراد کو عید پیکیج کے تحت صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے میں ایک ہزار مستحق افراد کو 10، 10 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ اس عیدپیکیج پر 1.15 ارب روپے لاگت آئے گی۔کابینہ اجلاس میں ڈیجیٹل رائٹ آف وے پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے درمیان معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔ جبکہ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران پیڈو کی تعیناتی کیلئے رولز کی منظوری دیدی گئی۔خیبرپختونخواہ کابینہ نے 2050 پولیس شہدا کے خاندانوں کو بھی 10، 10 ہزار روپے عید پیکیج دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

علاوہ ازیں ضم اضلاع میں پولیس کو گاڑیوں اور دیگر جدید آلات کی فراہمی کے لیے مختلف سکیموں کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت 7.67 ارب روپے کی لاگت سے گاڑیاں اور جدید آلات خریدے جائیں گے۔کابینہ کے اجلاس میں سرکاری محکموں میں بھرتیوں کیلئے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے اسکریننگ ٹیسٹ لینے کے معاملے پر کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو 15 دنوں میں سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسیوں کی استعداد بڑھانے سمیت دیگر متعلقہ معاملات پر اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں