اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے ججز کے خط کے معاملے پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مابین ملاقات کے بعد اٹارنی جنرل منصور اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے چیف جسٹس کو یقین دہانی کرائی کہ ادارہ جاتی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، سارے معاملے کی چھان بین ہونی چاہیے۔عدلیہ کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے گئے خط سے متعلق انکوائری کرائے گی، خط پر کمیشن بنے اور غیر جانبدار ریٹائرڈ شخصیت اس پر رپورٹ مرتب کرے۔ اچھی ساکھ والے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات کے بارے میں سب جاننا چاہتے ہیں ۔ ا سلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کی سوشل میڈیا اور قومی میڈیا میں گونج تھی۔ اسی تناظر میں چیف جسٹس نے کل فل کورٹ میٹنگ کی ۔ چیف جسٹس کی خواہش پر وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ان سے ملاقات کی۔ اس معاملے کو کل وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا اور پھر انکوائری کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، جس کے ٹی او آرز کابینہ کی مشاورت سےطے کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں