لاہور (پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیڑھ سال مشکل ہے پھر مہنگائی کم ہو جائے گی، امید ہے 2025 کے آخر تک مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر لے آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان میں ریلیف فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب میں مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکج شروع کیا ہے، وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکج بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا، رمضان نگہبان پیکج میں 19اشیا دی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا سلسلہ ابھی چل رہا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر کم قیمت پر اچھی کوالٹی کی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں، کوشش ہے رمضان کے بعد وزیراعظم سے بات کروں گا، سبسڈی بڑھا کر وافر مقدار میں لوگوں تک یہ سہولت فراہم کی جائے۔ اسی طرح وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ان شاءاللہ دو سال میں محنت اور جدوجہد سے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، جس کے لیے وزیراعظم پاکستان عوام کی خوشحالی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور تمام مشکلات پر قابو پا کر عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سستا آٹا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر عملہ بہترین طریقہ سے کام کر رہا ہے، قائدین نے رمضان پیکج دے کر شہریوں کیلئے انقلابی اقدام کیا ہے، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق رمضان پروگرام کامیاب بنائیں گے، ہمارا کام عوام کی خدمت کرنا ہے، وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر دورے کے لئے آیا ہوں اور ان کی ٹیم بن کر ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملک کو مشکلات سے نکالیں اور اسے دنیا کے دوسرے ممالک کے برابر کھڑا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں