اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف تمام مقدمات ختم کرکے رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
عمران خان کو توشہ خانہ، سائفر جیسے جھوٹے مقدمات میں عجلت میں سزا سنائی گئی، عدالتی فیصلوں کیخلاف اپیلوں کو بلاجواز تاخیری حربوں کی نذر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایکس پر جاری پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق بانی چئیرمین عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے قانونی ٹیم نے کور کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کور کمیٹی نے عمران خان کو جعلی مقدمات میں بغیر کسی قانونی و آئینی جواز کے پابند سلاسل رکھنے کی شدید مذمت کی۔ کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ توشہ خانہ اور سائفر جیسے جھوٹے مقدمات کے غیر منصفانہ بدترین ٹرائل کے بعد عجلت میں سنائی جانے والی سزاؤں سے عمران خان کو نشانہ انتقام بنانے کے ریاستی عزائم پوری طرح آشکار ہو چکے ہیں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کو غیرآئینی سزائیں سنانے کے سیاہ عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی کارروائی کو بلاجواز تاخیری حربوں کی نذر کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کی کارروائی کو آئینی و قانونی تقاضوں کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے ان جھوٹے اور لغو کیسز کا خاتمہ کر کے بانی چئیرمین کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
کور کمیٹی نے سابقہ خاتون اول محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ بانی چئیرمین کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی کو ان کی مرضی کے خلاف بنی گالہ سب جیل میں قید رکھنے اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اور ان کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات کے فوری ازالہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کور کمیٹی نے جانب سے پنجاب کے مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل غیر آئینی قرار دے دیا۔ 8 فروری کے بعد نئے سرے سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر تحریک انصاف کی آئینی نشستیں چھین کر غیر قانونی طور پر ن لیگ کو دی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے امیداروں کے پاس موجود حقیقی فارم 45 کی روشنی میں ان تمام حلقوں کا بھی آڈٹ کیا جائے اور تحریک انصاف کی چوری شدہ تمام نشستیں آئین و قانون کے مطابق واپس کی جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں