انتخابات میں دھاندلی کا ذمے دار کون؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

راولپنڈی(پی این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کا الزام الیکشن کمیشن اور نگران حکومت پر آتا ہے، الیکشن جیتنے والوں کو بھی پتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے،دھاندلی زدہ الیکشن سے ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی، سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

میڈیا کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورکمانڈرز کانفرنس اعلامیے کی تائید کرتا ہوں، 9 مئی میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سے سزا ملنی چاہیے، ہماری پارٹی فوج کے خلاف نہیں ہے، 9 مئی کے واقعات پر کمیشن بننا چاہئے، سی سی ٹی وی ویڈیوز کے ذریعے نو مئی واقعے میں ملوث عناصر کا تعین کیا جائے، کیپٹل ہل حملہ میں بھی سی سی ٹی وی کے ذریعے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔

8 فروری سے کسی نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، مجھے معلوم ہے کیوں رابطہ نہیں کیا گیا، بتانا نہیں چاہتا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری مخصوص نشستیں چھین کر جمہوریت کی دھجیاں اڑائیں، سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی، جن کی مخصوص نشستیں نہیں بنتی تھیں ان کو کیسے دی گئیں؟ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینا غیرآئینی عمل ہے، اتوار کو دھاندلی کے خلاف پشاور میں بڑا جلسہ کریں گے،،کیا پرامن احتجاج ٹکراؤ ہے، اگر یہ ٹکراؤ ہے تو جمہوریت کو ختم کردیں۔

close