مسلح افواج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا،جنرل عاصم منیرکا دوٹوک موقف

راولپنڈی (پی این آئی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے مینڈیٹ کے مطابق انتخابات میں عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا، مسلح افواج کا سکیورٹی کے علاوہ انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے مسلح افواج کی کاوشوں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔فیلڈ کمانڈرز آپریشنز میں پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔ فیلڈ کمانڈرز فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ملک کی سماجی معاشی ترقی اور سکیورٹی معاملات میں حکومت کی بھرپور حمایت کی جائے گی، پاکستان کے عوام ملک کی ترقی میں دل وجان سے حصہ لیں۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ مسلح افواج نے مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کیلئے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا، مسلح افواج کا سکیورٹی کے علاوہ انتخابی عمل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا، الیکشن کے بعد کا ماحول پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام لائے گا، جمہوری استحکام ہی ملک کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ ہے،مشکلات کے باوجود فوج نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں انتخابات کیلئے محفوظ ماحول فراہم کیا، فورم نے عام ا نتخابات میں عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے پر سکیورٹی اداروں ، سول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close