300 یونٹ مفت بجلی فراہمی کےحوالے سے بڑا مطالبہ سامنے آگیا

لاہور (پی این آئی)میر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مظلومین غزہ کے حق میں 10مارچ کو اسلام آباد آب پارہ چوک سے امریکی سفارت خانہ تک مارچ ہوگا، پاکستانی خواتین سمیت پوری دنیا کو اپیل کرتا ہوں کہ خواتین کے عالمی دن کو فلسطینی عوام اور خصوصی طور پر غزہ کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کے نام پر منایا جائے۔

نومنتخب وزیراعظم نے پہلی تقریر میں اہل فلسطین کا نام تک نہیں لیا، قوم نے جن سے جان چھڑانے کے لیے ووٹ دیے فارم 47 کے ذریعے انہیں ہی مسلط کردیا گیا، الیکشن 2024ء الیکشن 2018ء کا ایکشن ری پلے تھا، جنہیں دھاندلی پر شکایات ہیں وہ اسمبلی چھوڑ کر جماعت اسلامی کے احتجاج کا حصہ بنیں، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، ہم اپنے سمیت سب کا حق مانگتے ہیں، متاثرین کی نمائندگی پر مشتمل عدالتی کمیشن کے ذریعے الیکشن آڈٹ کرایا جائے، 10فروری سے چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی، گیس کے بلوں کی وجہ سے ہر شخص بے حد پریشان ہے، انصاف کا کوئی دروازہ نہیں مل رہا، حکمران پارٹیوں نے تین سو یونٹ مفت بجلی کا وعدہ کیا تھا، مارچ کے مہینہ سے آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے منصوبے کے تحت مصنوعی اسمبلی بنائی گئی، یہ کمپنی نہیں چلے گی،سیٹیں خریدنے والوں نے سرمایہ کاری کی، اب کئی گنا وصول کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close