ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) نگران وفاقی حکومت نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، جس سے مہنگائی میں پِسی عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

میڈیا کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت صحت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔گولی، کیپسول، سیرپ ، انجکشن اور کریم کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، امراض قلب، شوگر، سرطان ، اینٹی بائیوٹک ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔اسی طرح جسمانی درد، مرگی کی دوا اور جلد کو سُن کرنے والا انجکشن بھی مہنگا کردیا گیا ہے، امراض معدہ اور خون پتلا کرنے والے انجکشن کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انسداد ملیریا کی گولی، قبض ، اور پینسلین انجکشن کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کو 262 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی، جس کے تحت وفاقی کابینہ نے 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی ہے۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن وفاقی کابینہ نے جاری کیا۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق ادویات کی قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست محمد اسلم نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے نگران حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔

close