لاہور (پی این آئی) پنجاب میں حکومت سازی کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے،پنجاب اسمبلی کا اجلاس 23 فروری بروز جمعہ کو متوقع ہے۔
محکمہ قانون کی جانب سےکل گورنر پنجاب کو اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن ارسال کی جائے گی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن محکمہ قانون کی ریکوزیشن پر پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس کال کریں گے،اجلاس جمعہ کے روز 2 بجے طلب کیا جائے گا،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پہلے اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی،ڈپٹی سپیکر اور قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔
دوسری جانب جاتی امرا لاہور میں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے پہلے اجلاس میں تمام اراکین کو خوش آمدید کہتی ہوں اور کامیابی حاصل کرکے اسمبلی میں پہنچنے پر مبارک باد دیتی ہوں، مسلم لیگ(ن) کو صوبائی اسمبلی میں بڑی اکثریت ملی ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد صوبائی اسمبلی میں منتخب ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ ایک مشکل الیکشن تھا، 16 ماہ کی حکومت کے بعد جب مشکل فیصلے کرنے پڑے، جھوٹ اور پروپیگنڈے کا دور دورہ تھا لیکن اس کے باوجود واضح مینڈیٹ دیا، جس پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں