لاہور(پی این آئی) پنجاب میں آئندہ کی سیاست کا منظرنامہ واضح ہونے لگا۔
آئی پی پی کو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر واضح کامیابی نہ ملنے پر عبدالعلیم خان وزیر اعلیٰ پنجاب کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔میڈیا ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان این اے 117کی سیٹ پر قومی اسمبلی جائیں گے ۔ عبدالعلیم خان نےصوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ ضمنی انتخاب میں استحکام پاکستان پارٹی اور ن لیگ پھر مل کر انتخاب لڑیں گے ، عبدالعلیم کی صوبائی نشست پی پی 149پر شعیب صدیقی آئی پی پی کے امیدوار ہوں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 117اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149سے الیکشن جیتنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس ( ٹوئٹر ) پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمداللہ، این اے 117شاہدہ میں اللہ تعالی نے سرخرو کیا،عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ انشااللہ، شاہدرہ کی تمام محرومیاں دور کریں گے۔ اب وہ تمام مسائل بھی حل ہوں گے جو عرصہ دراز سے نظر انداز ہو رہے تھے۔ این اے 117کو بھی باقی لاہور کی طرح ترقی یافتہ علاقہ بنائیں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ الحمداللہ، پی پی 149لاہور کے الیکشن میں جیت پر اللہ کا شکر بجا لاتا ہوں۔ میری ماں، بہنوں، بیٹیوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے جس طرح والہانہ محبت کا اظہار کیا اور میرا ساتھ دیا، اس پر سب کا مشکور ہوں،یہ جیت آپ کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کا جو سلسلہ پہلے سے جاری ہے اس میں انشا اللہ اب مزید تیزی آئے گی اور اس حلقے کو لاہور کا سب سے بہترین علاقہ بنائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں