اسلام آباد ( پی این آئی ) چئیرمین استحکام پارٹی مستعفی جہانگیر ترین نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ میں پاکستانی عوام کی رائے کا بے پناہ احترام کرتا ہوں۔اس لیے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔جہانگیر ترین نے ملک کی ترقی کے لیے بھی دعا کی۔
خیال رہے کہ ستحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین قومی اسمبلی کی دونوں سیٹیں ہار گئے۔ این اے 155لودھراں 2کے تمام 369پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدیق خان بلوچ 117671ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین 71128 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔آئی پی پی کے سربراہ جہانگیر ترین حلقہ این اے 149 سے بھی ہار گئے۔این اے 149کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر 143613ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین 50166 ووٹ ہی لے سکے۔پیپلز پارٹی کے رضوان ہانس 14625ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں