عمران خان کو گمراہ کس نے کیا؟ طویل عرصے بعد علی زیدی کے انکشافات

کراچی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے والے سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو منافقین گھیرے میں لے کر گمراہ کرتے رہے، بعض لوگ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کے پیسے بھی پکڑتے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو منافقوں نے گھیرے میں لے لیا تھا جنہوں نے ہر اس شخص کو عمران خان سے دور کر دیا جو اختلافِ رائے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ لوگ مخلص لوگوں کے بارے میں جھوٹ بول کر بانی پی ٹی آئی کو گمراہ کرتے رہے۔ علی زیدی نے کہا کہ منافقوں کا ٹولہ اُن سب کو پروموٹ کرتا جو بانی پی ٹی آئی کے سامنے صرف جی سر بولتے، جو بھی اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کرتا اُس کی آواز کو زور و شور سے یہ لوگ پروموٹ کرتے، بعض لوگ بانی پی ٹی آئی سے میٹنگ کروانے کے بھی پیسے پکڑتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی تلوار سے منافق کی ہمدردی زیادہ خطرناک ہوتی ہے، اس کے نتیجے میں جو آج آپ دیکھ رہے ہیں، اس کی پیش گوئی تو پہلے ہی کی جا چکی تھی، صبر اور خاموشی ایک نعمت ہے، خاص طور پر اس وقت جب ہنگامہ برپا ہو، 24 سال جدوجہد کے بعد یہ تماشہ خاموشی سے دیکھ رہا ہوں، اِس دوران ایک کے بعد ایک یہ سب خود بے نقاب ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سٹی کورٹ سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، سٹی کورٹ میں حسان نیازی کو فرار کرانے کے معاملے پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو اشتہاری قرار دے دیا، اس کے علاوہ عدالت نے علی زیدی کے خاکے آویزاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر سے سابق وفاقی وزیر کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close