لاہور (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد نے نااہل کرنے کی خبروں کی تردید کردی، مجھے نااہل نہیں کیا گیا، فواد چودھری کے کہنے پر اپنے کاغذات واپس لئے ہیں۔
ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ میری نااہلی سے متعلق صبح سے ہی خبریں گردش کررہی ہیں، میں نااہل ہونے کی خبروں کی تردید کرتی ہوں، ایسا کوئی آرڈر پاس نہیں کیا گیا اور نہ ہی مجھے نااہل کیا گیا ہے۔ بلکہ آرڈر میں لکھا گیا ہے کہ میرے کاغذات واپس لینے کا اس الیکشن یا آئندہ الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ میں نے فواد چودھری کے کہنے پر اپنے کاغذات واپس لئے ہیں، فواد چودھری کو کیسز کا سامنا ہے اور وہ نیب کی حراست میں ہیں، میں نہیں چاہتی کہ انہیں کسی بھی ٹیکنیکل گراؤنڈ کے اوپر ناک آؤٹ کرکے الیکشن سے باہر کردیا جائے۔
میری درخواست ہے کہ جب بھی کوئی خبر لگائیں اس کی تصدیق ضرور کرلیا کریں۔ یاد رہے اس سے قبل میڈیا رپورٹ کے مطابق خبر تھی کہ الیکشن ٹربیونل نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد کو جہلم کے صوبائی حلقہ سے نا اہل قرار دے دیا، فواد چوہدری نے بھی کاغذات میں اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹس، اثاثے اورغیر ملکی دورے چھپائے، جس کی بناء پر کاغذات نامزدگی کی منظوری کا حکم نامہ واپس لیے جانے کے ساتھ ہی فواد چوہدری پر بھی نااہلی کی تلوار لٹک گئی۔
میڈیا کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کی اہلیہ کے 3 غیر ملکی دورے اور 9 بینک اکاؤنٹس سامنے آنے کے بعد حبا چوہدری کے خلاف اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں جہلم کے صوبائی حلقے سے انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا، اس ضمن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف آئی اے‘ نے حبا چوہدری کے غیر ملکی دوروں اور سٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ پیش کیا، حبا چوہدری نے بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے تھے، اس سلسلے میں حبا چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد اور انہیں نااہل کیے جانے پر فواد چوہدری کو بھی طلب کرلیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 61 سے منظور کاغذات نامزدگی کی منظوری کا حکم نامہ بھی واپس لے لیا ہے، الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کو 9 جنوری کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیوں نہ آپ کو بھی حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ٹریبونل کی جانب سے بھی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قراردے دیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے حوالے سے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے فیصلہ سنایا، شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 150، 151 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 اور 219 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں