رہائشی علاقوں میں واقع پرائیویٹ سکولوں اور کالجز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

راولپنڈی(پی این آئی) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے رہائشی علاقوں میں واقع پرائیویٹ سکولوں اور کالجز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

آر ڈی اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں واقع پرائیویٹ سکول اور کالج 15دن میں اپنی عمارت ریگولرائز کرائیں، بصورت دیگر انہیں سیل کر دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے ملک بھر کے 44کینٹونمنٹ بورڈز میں واقع ساڑھے 8ہزار پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو منتقل ہونے کے لیے تین سال کا وقت دیا گیا تھا۔ اب یہ ڈیڈلائن بھی ختم ہو چکی ہے۔ سکولوں کو یہ ڈیڈلائن ان تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طالب علموں کے والدین کے تحفظات کی بناءپر دی گئی تھی۔دوسری طرف کینٹونمنٹ حکام کا بھی موقف ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی موجودگی سے رہائشی علاقوں کا سکون برباد ہوتا ہے اور صفائی، ٹریفک، آلودگی اور سکیورٹی سمیت دیگر مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔سپریم کورٹ کی طرف سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو2019ءمیں دسمبر 2021ءتک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔حالیہ پیش رفت میں آر ڈی اے کی طرف سے ان سکولوں کو رواں تعلیمی سال کے اختتام تک کی مہلت دی گئی ہے، جو مارچ میں ختم ہونے جا رہا ہے۔

آر ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ونگ کی طرف سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو رواں تعلیمی سال کے آخر تک تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنے کی مہلت دیتے ہوئے سخت تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنی عمارتوں کو فوری طور پر ریگولرائز کرائیں اور 15دن کے اندر بیان حلفی جمع کرائیں۔ ان 15دنوں کے بعد عمارت کے مالکان کو یومیہ 1ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں