کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد شیخ رشید کا بڑا اعلان

راولپنڈی (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں 17 دفعہ وزیر رہا اس سے زیادہ ناانصافی کیا ہوگی کہ اسے نااہل قرار دیا جائے، ایک کرپٹ اور چور شخص کی تاج پوشی کیلئے قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

پی ڈی ایم کے خلاف الیکشن لڑیں گے، چوروں کی کرپٹ حکومت کے خلاف میدان میں آئیں گے، حلقہ این اے 56 اور این اے 57 سے قلم دوات کی جیت ہو گی۔ راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قلم دوات پر ہم الیکشن لڑتے ہیں ہماری سیاست راولپنڈی تک ہے، میں خانہ کعبہ گیا ہوں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ کبھی مری ریسٹ ہاوس نہیں گیا، ایک سازش کے تحت ایک پارٹی کو نا اہل قرار دے رہے ہیں، ان کو پتا ہے کہ عوام میں یہ ہار چکے ہیں، این اے 56,57 میں ہم جیت کر رہیں گے، عوام میں تو یہ شکست نہیں دے سکے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اہم لوگوں سے مخاطب ہوں بقیہ ایسے ویسے لوگ ہیں، ملک سیاسی و معاشی لحاظ سے بیٹھ گیا ہے، کاغذات نامزدگی مسترد کرکے چھ مرتبہ منتخب ہونے والے کی توہین کی گئی ہے، ایک کرپٹ کی تاج پوشی کے لئے جمہوریت کا مذاق اڑایا جارہا ہے، ایک منی لانڈر کرپٹ شخص کی تاج پوشی کی جارہی ہے، اس کے لئے تمام قوائد و ضوابط کا جنازہ نکالا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھ پر ابھی تک نا اہلی کا الزام نہیں لگایا گیا، سپریم کورٹ نے مجھے بھی صادق و امین کہا، کل ہائیکورٹ میں بھی جواب دے سکتا ہوں، مجھ پر کچھ واجب الادا نہیں پھر بھی دے دیتا ہوں، مری ریسٹ ہاؤس کے آپ کو 942 روپے کی ضرورت ہے تو میں ویسے ہی دے دیتا ہوں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جس کا انگوٹھا ائیرپورٹ پر لگایا جاتا ہے، دنیا نے دیکھا جس کا ائیرپورٹ پر بائیومیٹرک ہوا، وہ ہمارا راستہ روکنا چاہتا ہے، مجھے کسی نے کوئی پیغام نہیں پہنچایا، چلا کاٹنے کے دوران مجھے کہا گیا کہ ان لوگوں کو چھوڑ دو، چلا کاٹا اور کسی نے مجھ پر تشدد نہیں کیا۔

close