سردیوں کی چھٹیوں میں کتنا اضافہ ہوگیا؟ نوٹیفکیشن جاری

لاہور (پی این آئی) لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 دسمبر 2023ء ) پنجاب حکومت کی جانب سے سردیوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا، سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث پنجاب بھر کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی صدارت میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اسکولوں میں یکم جنوری سے 9 جنوری تک موسم سرما کی اضافی تعطیلات ہوں گی، اس ضمن میں تمام اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق عمل کریں اور 10جنوری سے تدریسی عمل کا دوبارہ آغاز کریں۔ قبل ازیں سردیوں کی چھٹیاں یکم جنوری تک تھیں، صوبہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کی خبریں سامنے آ رہی تھیں، اس ضمن میں کہا جارہا تھا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں موسم سرما کی شدت میں اضافے کے پیش نظر تعطیلات کا دورانیہ بڑھانے پر غور شروع کردیا گیا۔ بتایا گیا کہ سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے صوبائی محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے چھٹیوں میں ایک ہفتے تک اضافے پر غور کیا جارہا تھا، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات سے آئندہ 15 سے 20 دن کی رپورٹ مانگی گئی کیوں کہ سردی کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے والدین نے بھی تعطیلات میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ادھر محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن نے غیر رسمی سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے، اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن سے پتا چلا ہے کہ ان تعلیمی اداروں میں چھٹیاں یکم جنوری سے شروع ہوں گی اور 10جنوری تک جاری رہیں گی۔

close