وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، عمران خان کے انتخابات میں حصہ لینے کے دروازے بند ہو گئے

اسلام آباد (پی این آئی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کے انتخابات میں حصہ لینے کے دروازے بند ہو گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ بانی پی ٹی آئی کی پانچ سال کیلئے نااہلی کا فیصلہ ختم کرانے کا آپشن ختم ہوگیا۔ سیشن کورٹ سے بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی پانچ سال کیلئے نااہلی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن برقرار ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس کا فیصلہ جاری کردیا، جس میں عمران خان کی توشہ خانہ کیس کا سیشن کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست خارج کردی، اس کے نتیجے میں سابق وزیراعظم کی نااہلی برقرار رہے گی۔ ادھر نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا، نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں 2 ملزمان کے نام شامل ہیں، نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے تفتیشی افسر محسن ہارون اورتفتیشی افسر وقار الحسن کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا۔

احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔ احتساب عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا کہ وزارت عظمیٰ کے دورا ن بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 108 تحائف ملے، 108 تحائف میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے، تحائف کو کم مالیت کا ظاہر کرکے اپنے پاس رکھا گیا، ملزمان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ بھی کم مالیت پر حاصل کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close