8 فروری کو ا نتخابات کرانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، الیکشن کمیشن کا بڑا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے عائد انتخابات ملتوی کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن پر عائد ہونے والے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہورہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے 8 فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، جس کے تحت ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کا تقرر اور انکی ٹریننگ بھی شروع کر دی تھی جو کہ الیکشن شیڈول کا اہم جز ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ کا مقصد یہ تھا ہک شیڈول کا اعلان ہوتے ہی کاغذات نامزدگی کا اجرا اور درخواستیں وصول کی جاسکیں مگر پی ٹی آئی کی طرف سے ڈی آر اوز اور آر اوز کے تقرر کو چیلنج کیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر کمیشن نے غور کیا اور اس حوالے سے جلد ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں الیکشن کمیشن کو کسی بھی طور ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close