سارہ انعام قتل کیس، ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت سنائی گئی تو اس کی والدہ کی کیا حالت ہوئی؟ کمرہ عدالت کا احوال سامنے آگیا

اسلام آباد (پی این آئی ) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اپنے شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی کینیڈین شہری سارہ انعام کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

سارہ انعام قتل کیس کی سماعت سیشن جج ناصرجاویدرانا کی عدالت میں ہوئی، پراسیکیوٹر رانا حسن عباس، مدعی وکیل راؤ عبدالرحیم اور وکیل ملزمہ نثار اصغر عدالت پیش ہوئے۔مرکزی ملزم شاہنواز امیر، ان کی والدہ اور شریک ملزمہ ثمینہ شاہ، مقتولہ سارہ کے والد انعام الرحیم اور ملزم کے والد ایاز امیر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شاہنوار امیر کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔ عدالت نے شاہنوار امیر کو دس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے دس لاکھ روپے مقتولہ کے والدین کو ادا کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے شاہنوار امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کو کیس سے عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا ۔جب کہ بیٹے کو سزائے موت کی سزا کا سنتے ہی شاہنواز امیر کی والدہ آبدیدہ ہو گئیں ۔ 23 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے نہایت سفاکی سے اپنی اہلیہ سارہ انعام کو ڈمبل کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ جس کے بعد جائے وقوع سے پولیس نے مرکزی ملزم شاہ نواز کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا تھا۔05 دسمبر2022ءکوشاہ نواز نے اپنی بیوی سارہ انعام کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں طلاق دینے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔

چالان رپورٹ کے مطابق ملزم شاہ نواز نے پولیس کو دوران تفتیش بتایا کہ سارہ انعام اسے رقم نہیں بھیجتی تھی۔ قتل سے چند روز پہلے سارہ کے ساتھ فون پر تلخ کلامی کے بعد سارہ کو طلاق دے دی تھی۔پولیس کے مطابق طلاق کے بعد 22 ستمبر کو سارہ انعام ابو ظہبی سے ملزم شاہ نواز کے فارم ہاس میں آئی۔ملزم نے کہاکہ رات کو بیڈ روم میں سارا انعام نے تکرار شروع کردی اور رقم کا حساب مانگنے لگی جس پر پہلے سارہ انعام کو شو پیس مارا ۔ملزم شاہ نواز امیر نے بتایا کہ زخمی ہونے کے بعد سارہ انعام نے شور کرنا شروع کیا تو ڈمبل اٹھا کر اس کے سر پر متعدد وار کر کے قتل کردیا۔چالان کے مطابق 23 ستمبر کو مرکزی ملزم کی والدہ ثمینہ شاہ نیجائے وقوع پر پولیس کو بتایا کہ ان کے بیٹے کا اپنی بیوی سارہ انعام سے لڑائی جھگڑا ہوا اسی دوران میرے بیٹے نے سارہ انعام کو سر پر ڈمبل مار کر قتل کردیا ہے۔

گرفتاری کے بعد مرکزی ملزم شاہ نواز امیر نے اعتراف کیا کہ دوران لڑائی جھگڑا اس نے اپنی بیوی کو قتل کردیا۔ مرکزی ملزم نے پولیس کو بتایا کہ بیوی کی لاش باتھ روم کے ٹب میں چھپا دی۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پرلاش اورجس ڈمبل سے سارہ انعام کو قتل کیا گیا برآمد کیا، ملزم کی شرٹ ، ہاتھوں اور ڈمبل پر خون اور بال لگے تھے۔ ملزم سے پانچ پاسپورٹ ، پانچ موبائل اور نکاح نامہ کی کاپی قبضہ میں لی گئی تھی۔ ؎پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر سارہ انعام کا پرس جس میں کارڈ نقدی تھی برآمد کئے گئے، سارا انعام کی شرٹ اور مرسیڈیز گاڑی برآمد کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close