اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارالحکومت میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکشن کی جانب سےموسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکشن جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاق کے سرکاری تعلیمی ادارے 25 دسمبر سے 29 دسمبر تک بند رہیں گے، موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیاں یکم جنوری 2024ء سے دوبارہ بحال ہوں گی۔اسی طرح نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ اسکولزایجوکیشن پنجاب نے بھی موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر سے شروع ہوں گی اور تمام اسکولز موسم سرما کی تعطیلات کے باعث یکم جنوری تک بند رہیں گے، چھٹیوں کے بعد پنجاب بھر کے اسکول 2 جنوری سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
علاوہ ازیں صوبہ سندھ میں بھی موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 22 سے 31 دسمبر تک تعطیلات ہوں گی، موسم سرما کی تعطیلات کا اطلاق سندھ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا، محکمے کی سالانہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت تعطیلات کی جارہی ہیں، کراچی سمیت سندھ بھرمیں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں موسم سرما میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، ملک کے مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش متوقع ہے، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، بالائی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے قدرے زیادہ بارش ہوگی۔
جنوب مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخواہ میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے، رواں مہینے شمال مغربی خیبر پختونخواہ میں معمول سے قدرے زیدہ بارشیں ہوں گی جبکہ اونچے پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں