آئندہ الیکشن کیلئے ن لیگ اور جے یو آئی کا ملکر بڑا فیصلہ

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف اور سربراہ جےیوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے سندھ میں مل کرانتخابی اتحاد بنانے پر اتفاق کرلیا، دونوں رہنماؤں نے آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربرا مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے صدر جماعت شہباز شریف کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں مجموعی ملکی صورتحال اور عام انتخابات کے انعقاد اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں راہنماؤں نے سیاسی تعاون اور اشتراک عمل پر بھی مشاورت کی۔ ملاقات میں سینئیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ قائد ن لیگ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو ن لیگ اور ایم کیوایم دونوں جماعتوں میں طے پانے والے انتخابی معاہدے پر اعتماد میں لیا۔ دونوں جماعتوں کے مابین وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، سعد رفیق نے سندھ میں ایم کیوایم کے ساتھ ہونے والے سیاسی مذاکرات پر بریفنگ دی، دونوں جماعتوں کی ایم کیوایم کے مجوزہ ملک گیر بلدیاتی نظام پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

آئندہ پارلیمان میں اس بلدیاتی نظام بارے آئینی ترمیم لائی جائے گی۔ ملاقات میں نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان نے سندھ میں ایم کیوایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر اتحاد بنانے پر اتفاق کیا۔ اسی طرح بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق کیا۔ دونوں جماعتوں نے آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے پر بھی اتفاق کیا، نوازشریف نے صدارتی امیدوار کیلئے انتخابات کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں