لاہور( پی این آئی ) سابق وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز بھائی ہیں۔ ایک ٹکٹ پر وہ ناراض ہیں، اس وقت دانیال عزیز نے بات نہیں کی۔
دانیال عزیز 16 سال کیوں خاموش رہے؟حکومت ختم ہونے کے تین ماہ بعد دانیال عزیز کو بیان نہیں دینا چاہئیے تھا۔احسن اقبال کے بیٹے نے الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اویس قاسم کو دانیال عزیز الیکشن لڑوانے چاہتے ہیں۔ عمر کے لحاظ سے ٹکٹ کا فیصلہ نہیں ہونا۔ پارٹی کو سیٹ کون جیت کر دے گا اس بات کا فیصلہ ہو گا، فیصلے عمر کی بنیاد پر نہیں ہوتے۔جب کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میرٹ پر ٹکٹوں کے فیصلے کرے گی ، ہم لوگوں سے ووٹ لینے جارہے ہیں لیکن پارٹی کے کارکنوں کا حق ہے کہ ہم انہیں بھی سنیں اور فیصلے کریں۔ ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والوں میں پارٹی کے کارکنان ہیں، تاجر ہیں ، وکلاء ہیں ، نوجوان بھی آئے ہیں، یہ سلسلہ آج سوموار کے روز بھی جاری رہے گا ، ہم نے لاہور کے حوالے سے ابتدائی جائزہ مکمل کر لیا ہے، یہ جائزہ رپورٹ مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سامنے جائے گی ، تمام امیدوار مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سامنے بھی جائیں گے جہاں پر جائزہ رپورٹ پہلے موجود ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز نے اختلاف کے لئے جو اسلوب اختیار کیا ہے میں اس کی حمایت نہیں کرتا ، جماعتوں میں اختلاف رائے ہو جاتا ہے لیکن اس کو میڈیا میں لانا مناسب نہیں ہے ،اگر آپ کو شکایت ہے تو یہ آپ کا حق ہے آپ پارٹی کی لیڈر شپ سے اس کا اظہار کریں،ہم جماعتی لوگ ہیں اور ڈسپلن کے پابند ہیں ، اختلاف کی آواز کو پارٹی کے اندر ہی رہنا چاہیے ،اگر یہ آواز باہر نکل جاتی ہے تو اس کا وزن نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے چنائو کے لئے بہترین ایکسر سائز کی جارہی ہے اور حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ نے کرنا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ لوگوں کو بولنے کا حق دیں ، امیدوار آ رہے ہیں وہ اپنی پارٹی سے وابستگی اور قربانیاں بتا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں