لاہور( آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے مقررہ مدت میں انٹراپارٹی انتخابات منعقد کروانے کے لائحہ عمل کی باضابطہ منظوری دے دی ۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں، تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کے خلاف جبر و فسطائیت کے جاری سلسلے اور انٹراپارٹی انتخابات سمیت اہم امور پر غور کیا گیا ۔
اجلاس میں اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی گاڑی کے گھیرا ئواور اشتعال انگیز نعرہ بازی کی شدید مذمت کی گئی ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا اور ان کی خواتین کو ہراساں اور غلیظ پراپیگنڈہ کا ہدف بنانا (ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، ایسی مذموم حرکات سے چیئرمین پی ٹی آی یا ان کے اہل خانہ کی قوم کی حقیقی آزادی کی جستجو میں کسی قسم کی کمی پیدا کرنا ممکن نہیں۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا ہ کے سینئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی اور خیبرپختونخوا ہ میں پرامن کنونشنز کے منتظمین کے خلاف جھوٹے پرچوں کے اندراج کا قابل مذمت سلسلہ فوری ترک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ کور کمیٹی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالتی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا گیا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں