لاہور(آئی این پی) استحکام پاکستان پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔فردوس عاشق اعوان نے ردعمل میں کہا کہ تباہی کی تلافی کیلیے توبہ کے ساتھ ساتھ کفارہ بھی ضروری ہے، اسد عمر کفارے کے طور پر 9 مئی کے ذمہ داروں کو بے نقاب کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بوسیدہ دیوار گرتی جا رہی ہے، اس دیوار کے ذمہ دار نے اپنے ہاتھوں یہ دیوار گرائی ہے۔ فردوس عاشق نے کہا کہ 9 مئی کا بوجھ لے کر کوئی بھی سیاست دان سیاست نہیں کر سکتا
۔رہنما آئی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پت جھڑ کا موسم ہے سارے پت جھڑتے جا رہے ہیں، ملکی امن کو نفرت آلودہ کرنے والی پارٹی اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے۔خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ملکی سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے رہا ہوں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ عوامی زندگی گزارنے کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں، ایسی پالیسیاں اداروں سے شدید ٹکرا کا باعث بنتی ہیں جو ملک کے مفاد میں نہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا، این اے 54 کی ٹیم اور ووٹرز کا شکریہ جنہوں نے مجھے دو بار منتخب کیا، جس حلقے سے منتخب ہوا اس کی خدمت کرنے کی پوری کوشش کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں