لاہور (پی این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے بیشتر سابق وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق باپ پارٹی کے بیشتر سابق ارکان پارلیمنٹ نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےکوئٹہ کا دورہ کیا، سردار ایاز صادق سے سابق وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ممتاز سیاسی شخصیات نے ملاقاتیں کیں، ملاقاتیں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر شیرجعفر مندوخیل کے پارٹی آفس میں ہوئیں۔ ملاقاتوں میں ملک کی سیاسی معاشی اور انتخابات کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ باپ پارٹی کے سابق ارکان پارلیمنٹ میاں نوازشریف کی کوئٹہ آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔ سابق وزرا سردار عبدالرحمن کھیتران ، میر عبدالغفور لہڑی نے سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور سیاسی تعاون پر اتفاق کیا۔ سردار ایاز صادق سے ملاقات کرنے والوں میں حاجی محمد خان لہڑی، محمد خان اتمان خیل، نواب چنگیز مری ، میر مجیب الرحمن حسنی، میر وسیم شیروانی، سردار مسعود لونی اور نور محمد دمڑ شامل ہیں، سابق رکن قومی اسمبلی میر دوستان ڈومکی اور بلوچستان کی سابق ایم پی اے ربابہ خان بلیدی نے بھی ملاقات کی۔
تینوں صوبوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات بھی سردار ایاز صادق سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں، ان میں میر شوکت بنگلزئی ، برکت رند، سردار علی حیدر حسنی، میر علم دین مظہری ، طارق مسوری بگٹی ، میر عطاءاللہ بلیدی اور سحر گل خلجی نے بھی سابق سپیکر سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والی شخصیات کا نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اظہار خیال کیا کہ نوازشریف ہی ملک کو مسائل اور بحرانوں سے نجات دلاسکتے ہیں، سردار ایاز صادق نے آنے والی شخصیات کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آنے والے دنوں میں تمام شخصیات باضابطہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ ان شمولیتوں کے بعد بلوچستان میں سیاسی طاقت کا پلڑا واضح طورپر مسلم لیگ (ن) کے حق میں ہوجائے گا۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کے لئے درخواستوں کی وصولی شروع کردی ۔ مسلم لیگ (ن) نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے ایک فارم جاری کیا ہے، (ن) لیگ کی ٹکٹ کے خواہش مند 10نومبر تک فارم بمعہ فیس جمع کروا سکتے ہیں، (ن) لیگ کی قومی اسمبلی کی جنرل اور مخصوص نشست کے لئے دو لاکھ روپے ٹکٹ فیس مقرر کی گئی ہے، صوبائی اسمبلی کی جنرل اور مخصوص نشست کی ٹکٹ کے خواہشمند کو ایک لاکھ روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔
مخصوص نشست کے لئے نامزد امیدواروں کو دو لاکھ روپے اضافی بھی جمع کروانے ہوں گے، درخواست بمعہ بینک ڈرافٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لاہور سیکرٹریٹ بذریعہ کوریئر یا خود جمع کروانا ہو گی، پارٹی ٹکٹ کی فیس کے لئے کراس چیک قابل قبول نہیں ہوگا، مسلم لیگ (ن) کے حصول ٹکٹ فارم میں اقرار نامہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں