اپنا کردار ادا کریں، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کا صدر عارف علوی کو خط

اسلام آباد (آئی این پی)مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے صدرِ مملکت کو خط لکھ دیا، خط میں کہا ہے کہ صدر مملکت جمہوریت کے تسلسل، آئین کی بالادستی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔خط کے متن میں عمر ایوب نے کہا کہ طاقت کے زور پر سیاسی وابستگیاں تبدیل کروانے کیلئے جبری گمشدگیاں کی جا رہی ہیں، سیاسی وابستگیاں تبدیل کروانے کے سلسلے میں حالیہ چند ماہ میں تیزی آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا کارکنان کے خلاف غیر قانونی کریک ڈان میں بھی شدت لائی گئی ، اسیر خواتین سیاسی کارکنان سے خلاف قانون سلوک کا سلسلہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔خط کے متن میں کہا گیا کہ جبری گمشدگیوں کو سیاسی حربے اور سیاسی قائدین و کارکنان سے جبری بیانات کیلئے استعمال کیا گیا۔ 3 بڑی سیاسی جماعتیں لیول پلیئنگ فیلڈ کی مکمل عدم دستیابی کی نشاندہی کر چکی ہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ اقدامات ایک بڑی آبادی کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے متراف ہیں، صدرِ مملکت اس ساری صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔خط کے متن میں کہا گیا کہ صدر مملکت جمہوریت کے تسلسل اور آئین کی بالادستی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت بنیادی انسانی حقوق کے احترام کی بحالی میں بھی اپنا ناگزیر کردار ادا کریں۔

close