لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی میں فرخ حبیب کو اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فرخ حبیب نے آئی پی پی پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کی جس میں انہیں اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کیا ذمہ داری دی جائے گی۔ فرخ حبیب کی جہانگیر ترین سے ملاقات میں عون چوہدری بھی موجود تھے، جہانگیر ترین نے فرخ حبیب کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرخ حبیب کو استحکام پاکستان پارٹی میں اہم عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ فواد چوہدری نے بھی استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل اور پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر میں عون چوہدری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے میں نے اپنے اہل خانہ سے رابطہ منقطع کیا ہوا تھا جس کی کچھ وجوہات تھیں کیونکہ گزشتہ 5 ماہ سے گھر میں موجود نہیں تھے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ افسوس ناک تھا جس کی وجہ سے گھروں میں موجود نہیں تھے اور گزشتہ 5 ماہ سے یہ سوچ دماغ میں تھی کہ جو سیاست ہم کر رہے ہیں کیا اس کے لیے ہم نے سیاست کا آغاز کیا تھا۔
خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ کے آخر میں فرخ حبیب کو 8 دیگر افراد کے ساتھ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے گرفتار کر لیا تھا اور بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے اس گرفتاری کی تصدیق کر دی تھی۔ حکام نے بتایا تھا کہ فرخ حبیب گواد کے مقامی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے اور ان کی موجودگی کی اطلاع پر سادہ کپڑوں میں ملبوس سیکیورٹی اہلکاروں نے چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں