آج سیاست کا نئے سرے سے آغاز ہوگیا، نواز شریف عمران خان کیساتھ کیا کریں گے؟ سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا تجزیہ

اسلام آباد (پی این آئی) سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے نوازشریف کی واپسی پر دو اہم ترین پہلو بیان کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی سیاست کے بارے میں کوئی سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ یہ کہاں جار ہی ہے، کم از کم آج سیاست کا نئے سرے سے آغاز ہوا ہے۔

سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ نواز شریف آج جلسے سے خطاب کریں گے تو سیاسی لائحہ عمل اور معاشی معاملے پر بات کرنی پڑے گی ،دوسری چیز یہ ہے کہ سیاست کے ساتھ ایک بہت بڑا سوالیہ نشان پاکستان کی معیشت پر لگ چکاہے ، یہ تاثر تھا کہ معیشت کسی کے بس کی بات نہیں رہی، سیاست دانوں اور نہ اسٹیبلشمنٹ کی، اگر نوازشریف آج معاشی ایجنڈے کو سامنے لاتے ہیں تو لوگوں کو اس سے ایک راستہ نظر آ ئے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتاہے کہ انتقام کی سیاست کا سلسلہ شروع ہو گیاہے ، پہلے بینظیر اور نوازشریف میں رہا، اب نوازشریف ، زرداری اور عمران خان کے درمیان شروع ہے ، یہ انتقام اور نفرت کا سلسلہ کب ختم ہو گا، آج نوازشریف کو اس معاملے کو یھی سیٹل کرناہے کہ وہ ملک کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں، وہ بھی عمران خان کے ساتھ وہی کریں گے جو ان کے ساتھ کیا گیا ۔بینظیر جب پاکستان آئیں تو انہوں نے مفاہمت کے نام سے کتاب لکھی تھی ، آج یہ بھی فیصلہ ہوناہے کہ ہم مفاہمت کی طرف جائیں گے یا نفرت اور ٹانگ کھینچنے کی سیاست جاری رکھنی ہے ، نوازشریف کو اس حوالے سے لیڈ رول لینا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں