نواز شریف کے استقبال پر جنت ملنے کا دعویٰ کرنیوالا لیگی رہنما بڑی مشکل میں پڑ گیا

گوجرانوالہ ( پی این آئی ) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے استقبال پر جنت کا کہنے والے لیگی رہنما کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر کردی گئی۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے استقبال کے لیے کارکنوں کو جنت کی ’بشارت‘ دینے والے ن لیگی رہنما کے خلاف مقدمے کی درخواست جمع کروادی گئی، یہ درخواست ایڈووکیٹ سرفراز علی کی طرف سے تھانہ سول لائن میں دائرکی گئی۔بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ چوہدری اسدالرحمان نے نوازشریف کے استقبال پر بغیر حساب جنت میں جانے کی بات کی، انہوں نے یہ کلمات مریم نواز اور شہباز شریف کی ایما پر کہے، اس لیے اسدالرحمان سمیت تمام ملزمان کیخلاف توہین مذہب کامقدمہ درج کیا جائے۔خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے اسد الرحمان رمدے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ پارٹی کی ایک کارنر میٹنگ میں شریک نظر آرہے ہیں، جہاں خطاب کرتے ہوئے انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جارہا ہے کہ ’ماضی میں ایک بار ہماری پارٹی پر بہت مشکل وقت آگیا تھا تو کچھ لوگ ایسے اکٹھے ہوئے جیسے یہاں بیٹھے ہیں تو میں نے ان سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو حکم دیا ہے کہ جو یہاں پر ہیں ان سب کے نام لکھ دو یہ بغیر حساب کے جنت میں جائیں گے۔

ویڈیو میں سنائی دیئے جانے والے اپنے خطاب کو آگے بڑھاتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی یہ بھی کہتے ہیں کہ ’اب جتنے آپ لوگ یہاں آگئے ہیں وہ تو جنت میں جائیں گے، میں آپ کو سرٹیفکیٹ دیتا ہوں کہ جو یہاں آگئے ہیں وہ تو جائیں گے ہی اور جو لاہور جائیں گے 21 اکتوبر کو وہ بھی سیدھے جنت میں جائیں گے‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close