سائفر کیس کی جیل میں سماعت، 2 سے 3 روز میں فیصلے کا عندیہ دے دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عندیہ دیا ہے کہ سائفر کیس میں جیل ٹرائل اور ٹرائل کورٹ کے جج کی تعیناتی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر 2 سے 3 روز میں فیصلہ دے دیا جائے گا۔۔۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے آج جمعہ کے روز سماعت کے دوران کہا ہے کہ جیل ٹرائل اور جج تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ پہلے سے محفوظ ہے، پیر تک تو نہیں لیکن 2 سے 3 روز میں کوشش کریں گے کہ فیصلہ دے دیں۔۔۔

سابق وزیر اعظم اورچیئرمین پی ٹی آئی کی جلد فیصلے کی متفرق درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کی تو چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔۔۔عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ سائفر کیس کا جیل ٹرائل شروع ہو گیا لیکن ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں آیا، پیر کو پھر جیل میں سماعت کے لیے سائفر کیس مقرر ہے۔۔۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ میں جلدی کر دیتا ہوں، پیر کو تو نہیں لیکن دو تین دن میں فیصلہ کر دوں گا۔۔۔

close