عمران خان صدر مملکت سے مایوس، وجہ کیا بنی؟ بہن علیمہ خان نے بتا دیا

لاہور (پی این آئی) علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کمزور ہیں لیکن ان کے حوصلے بلند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی بہن علیمہ خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئیں۔

 

 

 

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے سائفر کیس میں لمبے عرصے کیلئے جیل میں منتقل کرنے کی تیاری ہو رہی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کا وزن بہت کم ہو گیا ہے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ورزش اور واک کیلئے جگہ نہیں دی گئی،انکو سہولیات فراہمی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان سے بات کرنے کوئی نہیں آیا۔ وہ صدر مملکت پر مایوس ہیں کہ جو ان کا آئینی کردار تھا نبھا نہیں سکے،عمران خان نے کہا کہ صدر عارف علوی نے 90 روز میں الیکشن کرانے کا اختیار استعمال نہیں کیا۔عمران خان کی بہن نے مزید کہا کہ ہمیں جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں لیکن سازش کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،پولیس نے اسد عمر،علیمہ خان اور عظمٰی خان کی گرفتاری مانگ لی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گئے۔ جے آئی ٹی نے تینوں کو گنہگار لکھا ہے،پولیس کو تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے۔

 

 

 

علیمہ خان کی موقع پر موجودگی پائی گئی۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آئیں اور کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے روز پیشی پر آتی ہیں۔ اگر جیل بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں۔ وکیل برہان معظم نے علیمہ خان کو مزید بات کرنے سے روک دیا،جس پر علیمہ خان نے کہا کہ ہم کیا مانگ رہے ہیں،انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close