میں پی ٹی آئی کیساتھ کھڑا ہوں، بہو آمنہ وٹو کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد خورشید محمود قصوری کا ردِعمل آگیا

لاہور(پی این آئی)سابق وزیر خارجہ میاں خورشید محمود قصوری نے اپنی بہو آمنہ وٹو قصوری کے پیپلزپارٹی میں شمولیت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد میاں منظور احمد وٹو پیپلزپارٹی کی مدد سے پنجاب سے وزیراعلیٰ بنے تھے اور اس وقت سے ہی وٹو خاندان کے پیپلزپارٹی کے بہت سے موجودہ رہنماؤں کے ساتھ قریبی روابط رہے ہیں اور آمنہ کی ایک بڑی ہمشیرہ پہلے ہی پیپلزپارٹی میں ہیں۔

 

 

میاں خورشید قصوری نے مزید کہا کہ آمنہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ ان کے آزاد ذرائع اور کاروبار ہیں۔ آمنہ وٹو قصوری کا یہ فیصلہ صرف اور صرف ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ میاں خورشید قصوری نے کہا کہ انہوں نے 2018 کے انتخابات سے پہلے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ الیکشن نہیں لڑیں گے اس کی وجوہات سے پارٹی کی قیادت اور قصور میں ان کے سپورٹرز بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ موقعہ موزوں نہیں کہ ان وجوہات کو دہرایا جائے جن کی بنیاد پر انہوں نے 2018 کے انتخابات سے قبل یہ فیصلہ کیا تھا۔ میاں خورشید قصوری نے واضح کیا کہ وہ آنے والے انتخابات میں اپنے ان ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو ضلع قصور کی مقامی سیاست میں پچھلی کئی دہائیوں سے ان کا ساتھ دے رہے ہیں اور اس وقت پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔