ہزاروں ارب روپے کا خسارہ پورا کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) بھول جائیں کہ اب پٹرول سستا ہو گا، ہزاروں ارب کا خسارہ پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے دیا گیا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے پر معروف ماہر معیشت عابد سلہری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس وقت ملک کے توانائی سیکٹر کا گردشی قرضہ 5 ہزار 400 ارب روپے سے زائد ہو چکا ہے، اس لیے نگران حکومت اب پٹرولیم مصنوعات اور گیس مہنگی کر کے اس خسارے کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔ عابد سلہری کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، حکومت نے ابھی جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اعلان کی ہیں، یہ ایک ماہ قبل خریدے گئے خام تیل کی اس وقت کی قیمت کے مطابق ہیں، جبکہ اب ایک مہینہ میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ چکیں، لہذا آنے والے دنوں میں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

 

 

 

واضح رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے عوام پر ناقابل توقع پٹرول بم گرا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں دعوٰی کیا جا رہا تھا کہ گزشتہ چند روز کے دوران ڈالر کی قیمت کم ہونے سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ نہ ہونے کا امکان ہے، تاہم اب نگران حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا دیا ہے۔ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے تحت پٹرول کی فی لیٹر قیمت 26 روپے 2 پیسے اضافے سے 331 روپے 38 پیسے کر دی گئی، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 17 روپے 34 پیسے اضافے سے 329 روپے 18 پیسے ہو گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 30 ستمبر تک برقرار رہیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے۔ جبکہ میڈیا رپورٹس میں 16 ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 17 روپے تک جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

 

 

 

پٹرول پر لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر بھی لیوی میں اضافہ متوقع تھا۔ بتایا گیا کہ ان ٹیکسز سے آئی ایم ایف کیلئے اضافی ریونیو اکٹھا کیا جائے گا۔ دوسری جانب ماہرین معیشت نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ جبکہ گیس بھی مہنگی کیے جانے کا واضح امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں