فیصل آباد(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم ہر ضلع میں یوتھ بینک قائم کر کے بلاسود قرض دیں گے، کھیلوں کے میدان آباد کریں گے اور قومی وصوبائی اسمبلیوں میں نوجوانوں کو نمائندگی دیں گے۔جلسہ عام سے خطاب میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اگر آپ کو مقروض پاکستان پسند ہے تو نوازشریف، زرداری اور چیئرمین پی ٹی آئی کوووٹ دیں، اگرکرپشن فری پاکستان چاہیے توجماعت اسلامی کوووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات کا وقت آگیا ہے، بجلی بلوں کیلئے غریب قرض لینے پرمجبور ہیں، ہر بل میں 16 اقسام کے فراڈ ٹیکس لیے جا رہے ہیں، حکومت کا کام لوٹ مارکرنے والوں کو پکڑنا ہوتا ہے، جب حکومت خود ڈاکو بن جائے تو ایسے حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں بڑے سیاسی لیڈروں نے قرضے معاف کروائے، نئے چیف جسٹس سے درخواست ہے قرضہ معاف کروانے والوں کے کیسز دوبارہ کھولے جائیں، 4 کھرب 30 ارب معاف کروانے والوں کے پیٹ چیر کر پیسے واپس لیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کا حصہ بن جائیں، 16 ماہ پی ڈی ایم نے اپنے کیسزکو کلین کروایا، یہ کسی فرد نہیں 24 کروڑعوام کے پیسے ہیں، ہم کسی کو بھی ملک میں ڈاکا مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم صاف اور شفاف احتساب چاہتے ہیں، ان کا اصل احتساب صرف عوام کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں