نیب ترمیم کالعدم قرار دیے جانے پر فیصل واوڈا کا ردِعمل بھی آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) فیصل واوڈا کا کہنا ہے کرپٹ لیڈروں کی جگہ جیل میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم قرار دئیے جانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 16 ماہ پی ڈی ایم جماعتوں نے خود کو قانون کے دائرے سے باہر نکالا،ان کیخلاف کیسز کھلنا خوش آئندہ ہے۔

امید ہے کہ نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے،پر امید ہوں جسٹس قاضی فائز عیسٰی بھی عوام کیلئے بہترین فیصلے کریں گے۔ انہوں نے اے آر وائے نیوز سے مزید بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ملک بحرانوں سے نکل رہا ہے۔ کرپٹ لیڈروں کی جگہ جیل میں ہے اور تب ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز کی واپسی پر بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو میری سالگرہ ہے،نواز شریف کی واپسی کیلئے اچھا وقت نہیں ہے۔ تمام جماعتیں مل کر بھی پاکستان کو ٹھیک نہیں کر سکتیں۔ 16 ماہ میں پی ڈی ایم نے صرف قرضے لئے اور عیاشیاں کیں،16 ماہ میں نیب ترامیم کر کے بڑی بڑی شخصیات کے کیسز ختم کرائے گئے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کو کالعدم قراردے دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیا۔ عدالت نے اکثریتی بنیاد پر فیصلہ سنایا، اور نیب ترامیم کی متعدد شقوں کو آئین کے برعکس قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا کہ کالعدم شقوں کے تحت نیب قانون کے تحت کاروائی کرے،عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال ہو گئے تاہم آمدن سے زیادہ اثاثہ جات والی ترامیم سرکاری افسران کی حد تک برقرار رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close