نازیبا ویڈیو اسکینڈل، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو کلین چٹ دیدی گئی

لاہور(پی این آئی) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو نازیبا ویڈیو سکینڈل سے بری قرار دے دیا۔ایچ ای سی کی طرف سے اسلامیہ یونیورسٹی کا شرمناک ویڈیو سکینڈل سامنے آنے کے بعد 28جولائی 2023ءکو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

اس کمیٹی نے یونیورسٹی میں طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے، منشیات کے استعمال، نازیبا ویڈیوز کی ترسیل اور دیگر الزامات کی تحقیقات کیں۔کمیٹی کی طرف سے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”ایسے کوئی شواہد نہیں مل سکے، جن سے ویڈیو سکینڈل ، یونیورسٹی میں منشیات کے استعمال اور طالبات کو ہراساں کرنے کے الزامات کی تصدیق ہو سکے۔ یونیورسٹی میں منظم گروہ کے طالبات کو ہراساں کرنے اور منشیات فروشی کرنے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ تاہم دو سے تین یونیورسٹی آفیسرز مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ کمیٹی ان آفیسرز کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کرتی ہے۔“تحقیقاتی کمیٹی نے پولیس رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کی تفتیش کی۔ کمیٹی نے یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سے بھی پوچھ گچھ کی۔ کمیٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں یونیورسٹی کے آپریشنز میں انتظامی اور تعلیمی بے ضابطگیوں کا بھی انکشاف کیا ہے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close