لاہور( پی این آئی)لاہور پولیس نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں اشتہاری قرار دئیے جانیوالے پی ٹی آئی رہنماوں کی جائیداد قرقی کیلئے متعلقہ اداروں سے جائیداد کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی جائیداد کی تفصیلات لینے کیلئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور نے کمشنرلاہور،گورنراسٹیٹ بنک اور چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ د یا ہے۔
متعلقہ حکام سے اشتہاری قرار دئیے گئے پی ٹی آئی رہنمائوں کی تمام تر جائیدادوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اشتہاری رہنمائوں کی حالیہ خریدی اور قابض جائیدادوں کی تفصیلات دی جائیں ۔ عدالت سے پی ٹی آئی کے 22رہنمائوں کی جائیداد قرق کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق سی آر پی سی سیکشن 87 کے تحت جائیداد قرقی اور اکائونٹ سیل کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔ اشتہاری قرار دئیے جانے والوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان،عظمی خان، میاں اسلم اقبال ،حماد اظہر، فرخ حبیب،زبیر نیازی، امتیاز شیخ ،حافظ فرحت ،عندلیب عباس ،احمد خان نیازی، خالد گجر، کرامت کھوکھر سمیت دیگر شامل ہیں۔ تمام ملزمان کو 9مئی کے واقعے میں ملوث پائے جانے پر تفتیشی ٹیم کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں