تحریک انصاف نے اپنی عوامی مقبولیت ثابت کر دی

استور (پی این آئی) پی ٹی آئی عوامی مقبولیت ثابت کرنے میں کامیاب، استور ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا، حلقہ جی بی 13 استور 1 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آ گئے، پی ٹی آئی امیدوار خورشید خان نے فتح اپنے نام کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی خالی ہونے والی نشست جی بی 13 استور 1 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ووٹنگ ختم ہونے کے بعد تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج مرتب کر لیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حلقے کے تمام 56 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو پچھاڑ دیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار خورشید خان نے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق کل 6215ووٹ حاصل کیے جبکہ دوسرے نمبر پر ن لیگ کے امیدوار کو 5 ہزار 200 ووٹ حاصل ہو سکے۔ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار کو 3 ہزار سے زائد ووٹ حاصل ہو سکے۔بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی خالی ہونے والی نشست پر آج بروز ہفتہ 9 ستمبر 2023 کو استور جی بی 13 حلقہ 1 میں ضمنی الیکشن صبح 8 بجے سے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔

استور حلقہ ون میں ٹوٹل 56 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ،12 پولنگ اسٹیشن کو حساس جبکہ 44 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا۔ استور این اے 13 حلقہ ون میں کل ووٹرز کی تعدد 33378 ہے، مرد ووٹرز کی تعدد 18231 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعدد 15147 ہے۔ صبح 8 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک پولنگ پرامن طریقے سے جاری و ساری رہی، دوران پولنگ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر کسی قسم کی بدامنی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں